Rayyan Siddiqui Portfolio

معادلہ سرٹیفیکیٹ بنوانے کا طریقہ

وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور دیگر مسالک کے مدارس بورڈ کی دورہ حدیث شریف کی سند پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی طرف سے معادلہ سرٹیفیکیٹ (equivalence certificate) بنایا جاتا ہے۔ اس کے بہت سے فوائد ہیں۔

  • پاکستان بھر میں کسی بھی یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن جیسے ایم فل (M.Phil.) ایم ایس (MS) وغیرہ مختلف ڈگری میں ایڈمیشن ۔
  • سرکاری اداروں میں خطیب ، نائب خطیب، اور اسلامک ٹیچرکی آسامیوں میں اپلائی کرنے کی اہلیت۔
  • سرکاری وغیر سرکاری اسکول ، کالجز میں اسلامیات کے مضامین پڑھانے کی اہلیت ۔
  • اور اس کے علاوہ مختلف مقامات پر اس سرٹیفیکیٹ کو اہمیت کی نظر سے دیکھاجاتاہے۔

یہ سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل چیزوں کا ہونا ضروری ہے۔

تمام وفاقی درجات کی اسناد اور کشف الدرجات اور غیر وفاقی درجات کی صرف کشف الدرجات ۔

قومی شناختی کارڈ۔

سرٹیفیکیٹ کے لیے اپلائی کرنے سے پہلے یہ بات ذہن نشین کرلیں کے قومی شناختی کارڈ اورتمام تعلیمی اسناد و کشف الدرجات میں نام اور ولدیت سو پرسنٹ درست اور ایک دوسرے کے مطابق ہونا ضروری ہے نقطہ برابر فرق بھی قابل قبول نہیں ہے ۔ مثلاً اگر شناختی کارڈ میں نام ’محمد کامران خان‘ ہے اور تعلیمی اسناد میں ’کامران خان‘ تو یہ قابل قبول نہیں ہے، اس صورت میں پہلے تعلیمی اسناد یا قومی شناختی کارڈ میں تبدیلی کرواکر مطابقت لائی جائے ۔ اس کا طریقہ ان شاء اللہ کسی دوسرے مضمون میں ذکر کروں گا۔

یہ سارے کام کرنے کے بعد یہ سمجھیں کہ معادلہ کے تین مراحل ہیں:

1۔ وفاق المدارس یا جس مدرسہ بورڈ سے آپ نے پڑھاہے اس سے تمام اسناد وکشف الدرجات کی تصدیق۔

2۔ اگر انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل نہیں کی ہوئی ہے تو آئی بی سی سی (IBCC) سے انٹر میڈیٹ کی ایکولینسی یا پھر اسناد پر مہر۔

3۔ تیسرے مرحلے پر تمام ڈاکومنٹس یعنی تصدیق شدہ اسناد جوکہ انٹر میڈییٹ کی تعلیم نہ ہونے کی صورت میں آئی بی سی سی (IBCC) کی مہر کے ساتھ ہوگی، جبکہ انٹر میڈیٹ کی سند یا مارک شیٹ ہونے کی صورت میں دوسرے مرحلہ کی کوئی ضرورت نہیں بس انٹرمیڈیٹ کی سرٹیفکیٹ یا مارک شیٹ بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) بھیجنی ہوگی ،

پہلے مرحلے کی تفصیل

پہلے مرحلے میں وفاق المدارس کی ویبسائٹ سے معادلہ سرٹیفیکیٹ کا فارم ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ کرلیں پھر اس کو پُر کرلیں اور جس مدرسہ سے آپ نے تعلیم حاصل کی ہے وہاں کے ناظم تعلیمات کا دستخط اور مدرسہ کی مہر لگوالیں پھر وفاق المدارس کے اکاؤنٹ نمبر پر 500 جوکہ ابھی کی فیس ہے بھیجیں اور اور اس کی سلپ اور وہ فارم جو پُر کیا ہے بمع تمام اسناد اور کشف الدرجات اور ان کی فوٹو کاپیوں کے 3 سیٹ بذریعہ ڈاک وفاق المدارس کے پتہ پر بھیج دیں۔اور اس کے واپس آنے کا انتظار کریں تقریباً تین ہفتے یا مہینے کے بعد تصدیق شدہ اسناد آپ کو وفاق المدارس بھیج دے گا اور ساتھ میں ایک بند لفاف بھی ہوگا جس پر لکھا ہوگا کہ یہ لفاف صرف آئی بی سی سی(IBCC) والے ہی کھولیں گے ،یہاں پر پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

دوسرا مرحلہ

تمام چیزیں لیکر آئی بی سی سی (IBCC) پہنچیں، یاد رہے کہ وہاں جانے سے پہلے اپائنمنٹ لینی پڑتی ہے جوکہ ان کی ویبسائٹ کے ذریعے لی جاتی ہے۔ ان کی فیس جو کہ میرے علم کے مطابق ابھی 1500 ہے ایک سند کی تو دو اسناد کی 3000 ہوگئیں ۔ فیس کی ادائیگی کریں وفاق المدارس سے آئی بی سی سی (IBCC) کے لیے موصول ہونے والا بند لفافہ ان کے حوالے کریں اور وہ ثانیہ اور رابعہ کی اسناد کے پیچھے مہر جوکہ کیو آر کوڈ کے ساتھ ہوگی لگادیں گے ۔ یہاں پر دوسرا مرحلہ مکمل ہوجاتا ہے۔

تیسرا مرحلہ

تیسرے مرحلہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی فیس بذریعہ بینک کریں ، فیس فارم پر لکھی ہوئی ہوتی ہے آج کل 2500 ہے غالباً اور اس کی سلپ بمع تمام اسناد وکشف الدرجات اور دوتصدیق شدہ فوٹو کاپی کے سیٹ فارم سمیت ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اسلام آباد بھیج دیں کچھ ہفتوں میں اصل اسناد واپس آجائیں گی اور کچھ مہینوں میں معادلہ سرٹیفیکیٹ آپ کے گھر پہنچادیا جائے گا ۔ ان شاء اللہ ۔

اہم نکتہ :

یاد رہے تمام ڈاکو منٹس اور سلپس کی فوٹو کاپیاں تصویریں ثبوت کے طور پر آپ کے پاس موجود ہونا ضروری ہے۔

مفید لنکس:

وفاق المدارس العربیہ پاکستان

https://www.wifaqulmadaris.org

ٓئی بی سی سی (IBCC)

https://ibcc.edu.pk

ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)

https://www.hec.gov.pk/english/Pages/default.aspx